ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک)سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے ملتان میں ہونیوالے پاکستان سپر لیگ کے کرکٹ میچز کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے ۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میچ دیکھنے کے لیے جانیوالوں کے لیے پارکنگ کا انتظام فاطمہ جناح ٹائون میں کیا گیا ہے۔ ٹریفک پلان کے مطابق ملتان شہر سے آنیوالے شائقین کرکٹ وہاڑی چوک سے فاطمہ جناح ٹائون کے بہائوالدین زکریا گیٹ نزد پل نہر نوبہار سے پارکنگ ایریا میں داخل ہوں گے۔ وہاڑی اور خانیوال سے آنیوالے حضرات NLC بائی پاس اور بابر چوک کے ذریعے دنیا پور بائی پاس چوک سے ملحقہ گیٹ سے فاطمہ جناح ٹائون میں داخل ہونگے۔ اسی طرح مظفر گڑھ، شجاع آباد، بہاولپور اور لودھراں سے آنیوالے حضرات پارکنگ ایریا تک جانے کے لیے ہیڈ ڈمری سے ملحقہ گیٹ کے ذریعے فاطمہ جناح ٹائون میں داخل ہونگے۔ سٹیڈیم موڑ وہاڑی روڈ سے سٹیڈیم موڑ بدھلہ روڈ تک روڈ ہمہ قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔اس حوالے سے شہر کے داخلی راستوں پر عوام الناس کی رہنمائی کے لیے بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔ عوام الناس سے گزارش ہے کہ اپنی گاڑیوں کو مختص کردہ پارکنگ ایریا میں پارک کریں اور ڈیوٹی پر موجود ٹریفک وارڈنز سے تعاون کریں۔