ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
کینبرا(این این آئی)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم اپنا دوسرا میچ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف (آج) جمعہ کو کھیلے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 28 فروری بروز جمعہ کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کینبرا میں شروع ہوگا۔اس سے قبل بدھ کے روز پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو8 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2020کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔ میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی جانب سے ڈیانا بیگ ،ندا ڈار اور ایمن انور نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 123 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹرز جویریہ خان، بسمہ معروف اور منیبہ علی نے عمدہ بیٹنگ کرکے ٹیم کو بآسانی 8 وکٹوں سے فتح دلائی تھی۔ جویریہ خان کو شاندار کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ جویریہ خان نے میچ میں 28 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔جویریہ خان کاکہنا ہے کہ وہ پہلے میچ میں عمدہ کارکردگی پر خدا کا شکر ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں کامیابی کی بڑی وجہ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں کا یکجا ہوکر کھیلنا تھا اور یہی پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا خاصا ہے۔جویریہ خان نے کہا کہ پہلے میچ میں باؤلرز نے حریف ٹیم کو جلد آؤٹ کرکے دباؤ کا شکار کردیا تھا جس کا بیٹرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ جویریہ خان نے کہا کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں وقت کم ہوتا ہے لہٰذا جو ٹیم اپنی حکمت عملی کے مطابق کھیلتی ہے، کامیابی اسی کا مقدر بنتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں کامیابی کے باعث پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور تمام کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔تجربہ کار بیٹر کا کہنا تھا کہ وہ انگلینڈکے خلاف میچ میں پاکستان کو فتح دلاکر تاریخ رقم کرنے کی کوشش کریں گی۔ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا کے چار شہروں، سڈنی، پرتھ، کینبرا اور میلبرن میں کھیلاجائے گا۔ ایونٹ کا فائنل عالمی یوم خواتین کے موقع پر میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ بی میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیزکی ویمنز ٹیمیں شامل ہیں۔انگلینڈکے خلاف میچ کھیلنے کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم سڈنی روانہ ہوجائے گی جہاں وہ یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ اسکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ شامل میں ۔شیڈول کے مطابق 28 فروری بروز جمعہ کو پاکستان ویمنز بمقابلہ انگلینڈ ویمنزبمقام کینبرا میں ہوگا جبکہ یکم مارچ بروزاتوار کو پاکستان ویمنز کا مقابلہ جنوبی افریقہ ویمنزسے سڈنی جبکہ 3 مارچ بروزمنگل کو پاکستان ویمنز کا مقابلہ تھائی لینڈ ویمنزٹیم سے سڈنی میں ہوگا ۔