ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے لندن میں زیر علاج سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا۔ منگل کو پریس کانفرنس کے در ان وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی حکومت کو خط لکھے جانے کی تصدیق کر دی۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانیہ کو خط لکھا گیا ہے جس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ جی ہاں۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی سفارش پر وزارت خارجہ کے ذریعے برطانوی حکومت کو خط لکھا گیا ہے ۔خط کے متن میں کہا گیا کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم ہیں لہٰذا انہیں واپس بھجوایا جائے۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے اور جلد ہی دل کا آپریشن کیا جائیگا۔25 فروری 2020 کو پنجاب حکومت نے نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد صوبائی حکومت نے وفاق کو کارروائی کے لیے خط لکھا تھا۔چند روز قبل پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ نواز شریف نے اپنے علاج سے متعلق کوئی رپورٹ پنجاب حکومت کو جمع نہیں کرائی، نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کا وقت آپہنچا ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت شریف برادران کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے برطانوی حکومت کو خط لکھے گی۔