ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
لاہور(این این آئی)ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 37 رنز سے شکست دیدی، یہ لاہور قلندرز کی ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے۔لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لیگ کی تاریخ کا تیسرا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب ہوئی۔ بین ڈنک اور سمت پٹیل کی عمدہ بلے بازی کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 172رنز پر ڈھیر ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ان کے ابتدائی تین بلے باز7.3 اوورز میں50 کے مجموعی اسکور پر آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔کرس لِین 27، فخر زمان 15اور محمد حفیظ بغیر کوئی رنز بنائے آئوٹ ہوگئے۔چوتھی وکٹ کی شراکت میں بین ڈنک اور سمت پٹیل نے جارحانہ انداز اپنایا اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے میدانوں کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلے۔ دونوں کھلاڑیوں نے 73 گیندوں پر 155 رنز کی شراکت قائم کرکے لاہور قلندرز کا مجموعہ 200 کے پار لگانے میں مددکی۔ یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں چوتھی وکٹ کی سب سے بہترین اور مجموعی طور پر کسی بھی وکٹ کے لیے دوسری بہترین شراکت ہے۔ اس سے قبل لیام لیونگ اسٹون اور بابراعظم ایچ بی ایل پی ایس ایل میں157 رنز کی شراکت قائم کرچکے ہیں۔دونوں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 12 چوکے اور 12 چھکے جڑے۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین بین ڈنک نے 43 گیندوں پر 93 رنز بنائے۔ سمت پٹیل 40 گیندوں پر 71 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بین کٹنگ نے 2 جبکہ فواد احمد، محمد حسنین اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔210 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز ٹیم کو مثبت آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ شین واٹسن اور جیسن رائے پر مشتمل اوپننگ جوڑی ٹیم کو محض 28 رنز کا آغاز فراہم کرسکی۔ جلد وکٹ گرنے کے باعث دفاعی چیمپئن کا مڈل آرڈر بھی مکمل دباکا شکار نظر آیا اور یکے بعد دیگرے آٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔ 11.4اوورز میں 94کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی 6وکٹیں گرچکی تھیں۔ شین واٹسن23، جیسن رائے 12، احسان علی 2، سرفراز احمد 9،اعظم خان 12اور محمد نواز 24 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ساتویں اور آٹھویں نمبر پر میدان میں آنے والیبالترتیب محمد نواز اور بین کٹنگ نے حریف بالرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی کوشش کی مگر وہ بھی میچ کا متوقع نتیجہ بدلنے میں ناکام رہے۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان65 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔بین کٹنگ نے 27گیندوں پر 5چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ فواد احمدنے 13رنزبنائے۔لاہور قلندرز کے سلمان ارشاد نے 4 جبکہ دلبر حسین، محمد فیضان اور سمت پٹیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں جارحانہ بلے بازی کرنے پر بین ڈنک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔آج مارچ بروزبدھ کو ایک میچ کھیلا جائے گا، لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔