ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
ملتان(کرائم رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرکے انصاف کا خون کرنے والے پولیس اہلکار کسی رعایت کے حقدار نہیں۔پولیس ڈیوٹی کو ایمان سمجھ کر عام آدمی کو ریلیف دینے والے تفتیشی افسران محکمے کے ماتھے کا جھومر ہیں جس کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمانہ احتساب کو حقیقی معنوں میں موثر بنا کر مکمل ڈسپلن فورس کا ماڈل لاگو کیا جارہا ہےان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آر پی او آفس میں پولیس ملازمین کی محکمانہ سزاؤں کی اپیلوں کیلئے منعقدہ اردل روم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پرسنل سیکرٹری عبدلقادر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان نے کہا کہ تھانے کی سطح پر تفتیش کا عمل شفاف اور تیز تر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور اصلاحات سے کام لیا جارہا ہے اور پولیس فورس کو بہترین ورکنگ ماحول فراہم کرکے ہر قسم کے دباؤ سے آزاد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھتے ہوئے مظلوم دادرسی اور ظالم کی سرکوبی ہمارا نصب العین ہے اس عوامی خدمت سے منہ موڑے والے فیلڈ افسران کو سخت محکمانہ احتساب کا سامنا کرنے پڑے گا۔اس موقع پر آر پی او نے اردل روم کا انعقاد کرتے ہوئے پولیس آفیسرز اور ملازمین کے مسائل بھی سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔