ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن میں وزیر قانون پنجاب بشارت راجہ کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت تیرہ مارچ تک ملتو ی کر دی گئی جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت کیس کی تفصیلات آئندہ سماعت تک الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔ جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ کی سماعت کی ۔ درخواستگزار سیمل وحید ذاتی حیثیت میں پیش ہوئیں جبکہ بشارت راجہ کی جانب سے وکیل نوید اختر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔ وکیل بشارت راجہ نے کہاکہ راجہ بشارت کی نا اہلی سے متعلق سیمل وحید کی جانب سے ایک کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔وکیل نے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ملتوی کرے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ پہلے کسی سماعت میں اسلام آباد ہائیکورٹ کیس کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔سیمل وحید نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے کیس کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ سیمل وحید نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن میری درخواست پر کاروائی مکمل کر کے جلد فیصلہ سنائے۔ ممبرالطاف ابراہیم قریشی نے کہاکہ گزشتہ سماعت میں آپ کو جواب جمع کرانے کا اخری موقع دیا تھا،جواب جمع کرانے کی بجائے آپ نے مزید التوا کی درخواست دیدی۔چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت کیس کی تفصیلات آئندہ سماعت تک الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔کیس کی سماعت 13مارچ تک ملتوی کر دی گئی ۔