ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے پرسٹن یونیورسٹی کے لاہور کیمپس سے متعلق کیس میں اٹارنی جنرل اور تمام ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کردیئے۔ جمعرات کو جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ دور ان سماعت عدالت نے اٹارنی جنرل اور تمام ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کردیئے۔ عدالت نے سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے نیب انکوائری کے حکم کو بھی آئندہ سماعت تک معطل کرتے ہوئے ایچ ای سی کو نوٹس جاری کر دیا ۔ جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ ایک صوبے کی یونیورسٹی کے دوسرے صوبے میں کیمپس کا قیام اہم ایشو ہے، یونیورسٹی کے دوسرے صوبوں میں کیمپس کے قیام کے اثرات ہماری آ ئندہ نسلوں پر بھی ہوں گے۔جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ تعلیم کو خدمت کی بجائے کاروبار بنا لیا گیا۔ وکیل علی ظفر نے کہاکہ کوئی قانون بھی یونیورسٹی کو دوسرے صوبے میں قائم کرنے سے نہیں روکتا، لاہور ہائیکورٹ میں طلبہ کی ڈگریوں کی تصدیق کا معاملہ زیر سماعت تھا۔وکیل علی ظفر نے کہاکہ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے نیب کو تحقیقات کا کہہ دیا، نیب کا کام کرپشن کی تحقیقات ہے۔وکیل علی ظفر نے کہاکہ اس کیس میں تو آئینی مسئلہ ہے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔