ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
لاہور( این این آئی )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائیوںکا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور خاص طور پر ناجائز اسلحہ ، منشیات فروشوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ اسی سلسلہ میں قصور پولیس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران سماج دشمن عناصر کی گرفتاریوں کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھاتے ہوئے 11خطرناک ڈکیت گینگ کے 40ملزمان ارکان سمیت 462 جرائم پیشہ ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ، منشیات اورکثیر تعداد میں جدید ناجائز اسلحہ برآمد کیا جبکہ 155پتنگ بازوں کو گرفتار کرکے 10ہزار سے زائد پتنگیں اور ڈور کی چرخیاں برآمد کیں۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت کی زیر نگرانی ضلعی پولیس نے گزشتہ ایک ماہ میں ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث 11خطرناک ڈکیت گینگ کے 40ارکان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضہ سے 27لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ اور جدید ناجائز اسلحہ برآمد کیا اور ان ملزمان کی گرفتاریوں سے 96سنگین مقدمات ٹریس ہوئے۔ اسی طرح منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے92بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات56کلوگرام چرس،1213لیٹر شراب،171لیٹر لاہن، 11 کلوگرام ہیروئن اور04 چالوبھٹیاں برآمد کرکے مقدمات درج کیے گئے، اسی طرح ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے147 ملزمان کے قبضہ سے4کلوشنکوف،9رائفل، 15بندوق،117پسٹل،2کاربین اور 13میگزین برآمد کرکے مقدمات درج کیے گئے جبکہ اشتہاریوں کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے قتل، ڈکیتی، راہزنی جیسے سنگین مقدما ت میں ملوث137اشتہاریوں مجرموں اور19عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔ ضلعی پولیس نے 9قماربازی کے اڈوں پر چھاپے مارے اور27ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے داؤ پر لگی ہزاروں روپے کی رقم برآمد کی۔اسی طرح پتنگ بازوں کے خلاف بھی بھرپور کاروائیاں کی گئیں اورپتنگ بازی کے136مقدمات درج کرکے155 ملزمان کے قبضہ سے 10ہزار سے زائد پتنگیں اور ڈورکی چرخیاں برآمد کی گئیں۔ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے کہاکہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی جانب سے خاص طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ پولیس اور عوام کے درمیان رابطوں اور اعتماد سازی کا ماحول بہتر سے بہتر بناتے ہوئے سماج دشمن عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے لہذا اس بات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام میں تحفظ کا احساس اجاگر ہو اور وہ پولیس کو اپنا معاون و مددگار سمجھیں تاکہ پولیس اور عوم کے درمیان اعتماد سازی کا ماحول برقرار رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان ومان کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اشتہاریوں، ڈاکوؤں، منشیات فروشوں،عادی مجرمان اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔