ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
ملتان( سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم لابر، جنرل سیکرٹری اے ڈی بلوچ اور ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن و انچارج میڈیا سیل خواجہ عمران نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہر چند دن بعد بجلی کے نرخوں میں اضافہ حکمران ٹولہ کی نااہلی و نالائقی اور عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے وزیراعظم عمران خان اور اسکی کابینہ اقتدار کے نشہ میں اندھے ہو کر آئے روز بجلی، گیس پٹرول بم گرا گرا کر عوام کی زندگی اجیرن بنا رہے ہیں ڈھائی سالہ اقتدار میں ایک دن بھی ایسا نہیں کہ عوام نے سکھ کا سانس لیا ہو مہنگائی کے ساتھ ساتھ بے روزگاری میں اضافہ سے نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے تمام طبقات پریشان و بد حال ہیں وزیر اعظم کا دو لاکھ تنخواہ میں بھی گزارہ نہیں ہوتا تو بیس ہزار تنخواہ والا کیسے گزارہ کرے؟ تنخواہوں میں اضافہ سرکاری ملازمین کابنیادی حق ہے اور مزدور کی اجرت میں حالیہ مہنگائی کے تناسب سے اضافہ بھی مزدور کا بنیادی حق ہے کسان کو اسکی محنت ک جائز منافع بھی کسان کا حق ہے لیکن تبدیلی سرکار ان تمام طبقات کو اپنی نااہل پالیسیوں کے سبب ڈپریشن کا شکار بنا کر موت کے منہ میں دھکیل رہی ہے پیپلزپارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر بجلی کی نرخوں میں حالیہ اضافہ بھی واپس لیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات میں پچھلا اضافہ عوام پر بم کی صورت میں گرا تھا اسے واپس لینے کے بجائے حکومت مزید اضافہ کرنے کی منظوری دینا چاہتی ہے جس کے خلاف پیپلزپارٹی سراپا احتجاج بن جائے گی اس لئے بہتر ہے حکومت اپنا قبلہ درست کرے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کرے ورنہ حکومت یاد رکھے کہ سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی فتح کے جھنڈے گاڑنے کے بعد عوامی طاقت سے تمہیں ایوان اقتدار سے ہمیشہ کیلئے نکال باہر پھینکے گی۔