ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
کراچی (این این آئی)پاکستان ماسٹرز ہاکی ٹیم نے عمان کے خلاف تین میچوں مر مشتمل ٹیسٹ سیریز 2-0 سے جیت لی ہے۔اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کے برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے عمان کی ماسٹر ہاکی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 7گول سے شکست دیدی ۔ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 4-2 سے کامیابی حاصل کی ، دوسرا میچ 3-3 گول سے برابر ہوگیا تھا ۔ تاہم تیسرے میچ میں پاکستانی کھلاڑی مکمل طور پر حاوی نظر آئے، پاکستان کی جانب سے سابق انٹر نیشنل آصف احمد خان نے تین گول اسکور کئے اور سیریز کی پہلی ہیٹ ٹرک بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا پاکستان ماسٹرز کی جانب سے اولمپئین کاشف جواد، اولمپئین کامران اشرف ، اولمپئین سمیر حسین اور سابق قومی کھلاڑی سمیر سلیم نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ عمان کا واحد گول حمود اللہ حبیب نے بنایا ، میچ کے اختتام پر رنگا رنگ تقریب میں وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل بنگل خان مہر نے فاتح کپتان اولمپئین قمر ابراہیم کو وننگ ٹرافی دی۔اس موقع پرانہوں نے کہا کہ عمان کی ماسٹر ہاکی ٹیم کی آمد خوش آئند ہے، امید ہے دیگر ملکوں کی ٹیمیں بھی پاکستان آئینگی، انہوں نے کراچی میں چھے قومی ماسٹرز ہاکی ٹور نامنٹ کے حوالے سے بھی اپنے تعاون کا یقین دلایا، اس موقع پر اکیڈمی کے روح رواں سابق قومی ہاکی کپتان اصلاح الدین، اولمپئین ایاز محمود ، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی ، اسپورٹس سیکریٹری سندھ امتیاز علی شاہ ، اسلم مہر ، محفوظ الحق ، عمانی کے کونسل جنرل سمیر سابق اولمپئین اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجودتھی ۔