ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
لاہور( این این آئی )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے اور صوبہ بھر میں اشتہاریوں سمیت بڑی تعداد میں دیگر ملزمان کو گرفتار کیا جا رہا ہے ۔ اسی سلسلہ میں ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت کی زیر نگرانی قصور پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں ، عدالتی مفروروں، چوروں، ڈکیتوں، منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ ڈی پی او قصور نے رواں ماہ کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ قصور پولیس نے اس ماہ کے دوران سنگین مقدمات میں ملوث اے کیٹگری کے 12 اشتہاریوں سمیت 66 مجرمان اور 09 عدالتی مفروران کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ضلع کو منشیات سے پاک کرنے کے لئے منشیات فروشوں کے خلاف بھی بھرپور کاروائیاں کی جا رہی ہیں جس کے دوران رواں ماہ ضلعی پولیس نے 129 بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 97 کلوگرام چرس، ایک کلوگرام ہیروئن، 1300 لیٹر شراب اور 460 لیٹر لاہن برآمد کر کے مقدمات درج کئے ۔ اسی طرح قصورپولیس نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے ضلع کو نا جائز اسلحہ سے پاک کرنے کی مہم کے دوران ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 83 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 7 کلاشنکوف، 4 رائفل، 61 پسٹل، 10 بندوق اور 9 میگزین برآمد کیں۔اس کے علاوہ ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث دو خطرناک ڈکیت گینگ کے 5 ارکان کو گرفتار کر کے 5 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا ہے جبکہ رواں ماہ کے دوران دو لڑکیوں سمیت 11 بچوں اور لڑکوں کو برآمد کر کے ان کے والدین کے حوالے کیا گیا ہے۔ ڈی پی او قصور نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایات پر ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اورجرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے سرچ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کا عمل مزید تیز کیا جا رہا ہے اور ان آپریشنز کی نگرانی خود کر رہا ہوں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ دوران آپریشنز قانون پسند شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔