ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
ملتا ن(سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے سرویلنس جاری ہے۔ حکومت پنجاب کاشتکار بھائیوں کا کسی صورت نقصان نہیں ہونے دے گی۔ ملتان ڈویژن میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے حالات کنٹرول میں ہیں جبکہ انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے۔ حکومت پنجاب ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے عملی اقدامات کرنے کےلئے فنڈز بھی مہیا کررہی ہے تاکہ بروقت سدِباب کو یقنی بنایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے ملتان ڈویژن میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اضلاع کو ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے فوری پیشگی اقدامات کرنے کا حکم دیا جا چکا ہے۔ڈویژن بھر میں کاشتکاروں کا سروے مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ ادویات ، سپرے ، مشینری اور ہیومن ریسورس بارے مکمل رپورٹ تیا ر کی جاچکی ہے اور سروے رپورٹ حکومتِ پنجاب کو بھجوائی جاچکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن بھر میں لوکسٹ کنٹرول رومز قائم کئے جاچکے ہیں۔ اس موقع پر نے محکمہ زراعت کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 800 لیٹر حشرات کش ادویات فراہم کی گئی ہے جس میں سے ڈویژن بھر کے 367 ہیکٹرز پر 334 لیٹر سپرے کی جاچکی ہیں۔ مختلف ٹیمیں مسلسل سرویلنس کر رہی ہیں جبکہ 36 ہینڈ سپرے مشینیں بھی خرید کر فراہم کی جاچکی ہیں۔محکمہ زراعت اور کاشتکاروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے مشترکہ اجلاس بھی طلب کئے جاچکے ہیں ، ضلع ، تحصیل اور مرکز کی سطح پر کمیٹیاں کام کررہی ہیں اور مکمل آگاہی مہم چلائی جارہی ہے تاکہ کسانوں کو ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے آگاہ کیا جاسکے۔ ٹڈی دل کے حملے کی صورت میں ادویات وغیرہ کا وافر سٹاک بھی موجود ہے اور ان ادویات کے استعمال اور ٹڈی دل کے خاتمے بارے کسانوں کو مفید مشورے اور ٹریننگ بھی دی جارہی ہے۔