ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
اسلام آباد( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے انتہائی جرات اور موثر انداز میں دنیا بھر میں کشمیر کے مسئلے کواجاگر کیا ہے ، نریندر مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہے اوراس کے غلط فیصلوں کو خود بھارتی عوام نے بھی مسترد کر دیا ہے ،اتحادیوں سے مثبت رابطے جاری ہیں اور اپوزیشن کی منفی خواہشیں ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں آزادکشمیر اور حلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کے مسئلے کو جس طرح پوری دنیا میں اجاگر کیا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی اور یہی وجہ ہے کہ آج مودی بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنمائوں سے ہونے والی ملاقاتوںاور بیرون ممالک اپنے خطابات میں کشمیر کے مسئلے کو انتہائی جرات اور مثبت انداز میں اجاگر کیا ہے ، انہوں نے دنیا کو باور کرایا ہے کہ کشمیر کی وجہ سے پورے خطے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہاکہ آج پوری قوم یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منا کر کشمیریوں سے اپنی دیرینہ وابستگی ثابت کر ے گی کہ ہم ایک لمحے کیلئے بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کونہیں بھولے اور ان کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اتحادیوںمیں اختلافات اور دوریاں پیدا ہونے کا تاثر قطعی بے بنیاد ہے ، اتحادیوں سے مثبت رابطے جاری ہیں اور جو لوگ افواہوں کی بنیاد پر اپنے سینے میں خوابوں کے محل سجا رہے ہیں وہ زمین بوس ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ اتحادیوں کے ساتھ جو وعدے ہوئے ہیں انہیں پورا کیا جائے گا اور ہم نے مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے ۔