ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
لاہور( این این آئی ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اتحاد ہے اور یہ اتحاد قائم رہے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور چلتے رہیں گے۔صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ افہام و تفہیم کے ساتھ ہی معاملات آگے کی جانب بڑھتے ہیں۔ اپوزیشن ذہن نشین کر لے کہ حکومت مدت پوری کرے گی۔ مڈ ٹرم الیکشن یا ان ہائوس تبدیلی کا خواب دیکھنے والے پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی نامراد رہیں گے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہمارے اتحادیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور ہمارا اتحاد ملک و قوم کے مفاد میں ہے۔ اتحاد میں نفاق ڈالنے والوں کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ اپوزیشن سیاسی طور پر ناک آؤٹ ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان واحد لیڈر ہیںجن کی عالمی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے۔ پاکستان کو عمران خان جیسا شفاف اور ایماندار لیڈر ملنا کسی نعمت سے کم نہیں ۔عمران خان غریب عوام کا درد رکھنے والے لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت سے زیادہ اچھا کام کر رہے ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت کے ابتدائی 15 ماہ اور ان کے 5 برس کی حکومت سے بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر علاقے میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اور پہلی مرتبہ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ غریب اور محرومی کا شکار طبقات کی خدمت کا عزم کر رکھا ہے۔