ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
لاہور (این این آئی) پی ایس ایل میچز کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ ڈی آئی جی آپریشنز بابر سعید، سی ٹی او کیپٹن (ر) ملک لیاقت، ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید،ایس پی ہیڈ کوارٹرز ملک جمیل، ایس پی سکیورٹی بلال ظفر اور پی سی بی حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پی ایس ایل ٹیموں کے پریکٹس میچز اور دیگر سرگرمیوں کی سکیورٹی پر غور کیا گیا۔ اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ بعض ایام میں ورلڈ کبڈی کپ اور پی ایس ایل ایونٹس ایک ساتھ ہونے کی صورتحال سے کیسے نمٹا جائے۔ سی سی پی او نے سی ٹی او کو ہدایت کی کہ پی ایس ایل کے دوران ٹریفک اور پارکنگ کا جامع پلان تیار کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کو کم سے کم زحمت اٹھانا پڑے۔ پی ایس ایل کے دوران سٹیڈیم کے قریبی علاقوں کو ریذیڈنس کارڈ جاری ہونگے۔ ذوالفقار حمید نے کہا کہ لاہور پولیس بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ اس حوالے سے اہل لاہور کا تعاون ہر لحاظ سے قابل ستائش ہے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے پی سی بی کے حکام سے کہا کہ کرکٹ کھلاڑیوں کے اعزاز میں جو تقریبات ہوں گی ان کے مہمانوں کی فہرستیں فراہم کی جائیں تاکہ سکیورٹی کلیرنس کا عمل مکمل کیا جاسکے۔ اجلاس میں پولیس اور پی سی بی کے درمیان رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔