ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زر داری کی نیب طلبی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بلاول جب بھی حکومت کی نااہلی پر بات کرتے ہیں نیب کا بدنیتی پر مبنی نوٹس آجاتا ہے ،یہ کہتے تھے ہمارے پاس سب کے خلاف ثبوت ہیں، اٹھارہ ماہ ہوگئے کہاں گئے ثبوت،شہزاد اکبر کہاں چھپ گئے ،نیب کے سوال سوال نہیں کسی کی خواہشیں ہیں ،حکومت تیزی سے مقبولیت کھو چکی ہے ،اگر ہمیں دبا کر حکومت کوئی جگہ بنا لے گی تو یہ اس کی بھول ہے ۔جمعرات کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو کی نیب پیشی کے موقع پر نیب راولپنڈی کے اولڈ آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر حسین بخاری نے کہا کہ گزشتہ دوسال سے ہماری قیادت کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نیب نے فریال تالپور پر اربوں کا الزام لگایا لیکن عدالت میں صرف فریال تالپور پر ٹوٹل الزام تین کروڑ روپے کا لے کر آئے ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت میں لوگوں پر نیب ریفرنس ہیں تاہم ان کو گرفتار نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ بلاول جب بھی حکومت کی ناکامیوں پر بات کرتے ہیں نیب نوٹس بھیج دیتا ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نیب کے سوال ، سوال نہیں کسی کی خواہشیں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت مہنگائی کی وجہ سیاپنی مقبولیت کھو چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر پیپلز پارٹی کو دبا کر حکومت کوئی جگہ بنا لے گی تو یہ اس کی بھول ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کا جانا ٹھہر چکا ہے تو اب حکومت فاشسٹ رویہ اپنا رہی ہے۔نیر بخاری نے کہاکہ جب بھی حکومت کی ناکامی پر بات کی جاتی ہے ، بد نیتی پر مبنی نوٹس آجاتا ہے، بلاول بھٹو پہلے بھی اس کیس میں اپنا مؤقف دے چکے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ ڈیڑھ سال سے میڈیا چیخ رہا ہے، آج میڈیا آزاد نہیں ہے۔شیری رحمن نے کہاکہ چیئرمین بلاول اس کیس میں قطعًا فریق نہیں ہوسکتے، بلاول بھٹو اس میں بینیفشری نہیں رہے۔قمر زمان کائرہ نے کہاکہ بلاول کو جس کیس میں بلایا گیا ہے اس کا جواب ہم دے چکے ہیں، اب تو عدالتیں بھی نیب نیازی گٹھ جوڑ پر بات کر رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم قانونی سوالوں کے جواب دینے کے پابند ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہاکہ یہ کہتے تھے ہمارے پاس سب کے خلاف ثبوت ہیں، اٹھارہ ماہ ہوگئے کہاں گئے ثبوت،شہزاد اکبر کہاں چھپ گئے ۔ شیری رحمن نے کہاکہ چیئرمین بلاول اس کیس میں قطعاًا فریق نہیں ہوسکتے۔شیری رحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو کو جس کیس میں طلب کیا گیا ہے وہ اس میں بینیفشری نہیں رہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو اس میں بینیفشری نہیں رہے۔ چوہدری منظور نے کہاکہ اصل اشو مہنگائی ہے اس سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، بتایا جائے آٹے چینی کی قیمتوں اضافہ کیوں ہوا۔چوہدری منظور نے کہاکہ بدنیتی پر مبنی کیسز بنائے جارہے ہیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ اگر بلاول کو آج گرفتار کیا گیا تو کیا لائحہ عمل ہوگا۔ چوہدری منظور نے کہاکہ کوئی ان کو گرفتار نہیں کرے گا۔ناصر شاہ نے کہاکہ جب بھی حکومت کے خلاف بات کی جاتی ہے نیب نوٹس بھیج دیتا ہے، آصف زرداری اور فریال تالپور پر مقدمات بنائے تاہم کیا نکلا۔ ناصر شاہ نے کہاکہ جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں، عمران خان کو ٹیکہ لگا تو انہیں حوریں نظر آنے لگیں۔ ناصر شاہ نے کہاکہ عوام کو مہنگائی کے ٹیکے کی وجہ سے ملک الموت نظر آرہا ہے، نیب اس کو نوٹس بھیج رہا ہے جو ذوالفقار بھٹو کا نواسہ اور بی بی شہید کا بیٹا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کیا یہ اس بلاول بھٹو کو دبا سکیں گے۔