ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
کراچی (این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے نااہلی سے متعلق درخواست پر فیصل واوڈا، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12مارچ تک جواب طلب کرلیا اور کہا فریقین کو سننے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی نااہلی کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے فیصل واوڈا، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12مارچ تک جواب طلب کرلیا اور کہا درخواست پر فیصلہ فریقین کو سننے کے بعد کیا جائے گا۔یاد رہے دو روز قبل فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق ایک اور درخواست سندھ ہائی کورٹ عدالت میں دائر کردی گئی تھی ، درخواست گزار قادر خان مندوخیل نے انکشاف کیا تھا کہ فیصل واوڈا نے الیکشن کے وقت اپنی دوہری شہریت چھپائی، معاملہ عدالت میں آنے پر فیصل واوڈا نے خاموشی سے امریکہ شہریت چھوڑنے کی درخواست دی۔خیال رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے دوہری شہریت چھپانے پر وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو 24 فروری سے پہلے جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کابینہ،قانون وانصاف،الیکشن کمیشن ، قومی اسمبلی کے سیکریٹریز کو نوٹس جاری کردیئے تھے۔