ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت اور پشاور الیکٹریک سپلائی کمپنی( پیسکو) صوابی پیہور پن بجلی گھر سے 18 میگاواٹ سستی بجلی ویلنگ ماڈل پر صنعتوں کو دینے کیلئے اصولی طور پر متفق ہوگئے ہیں اگلے ہفتے معاہدے کی تقریب وزیراعلی ہاؤس پشاور میں ہوگی معاہدے سے گدون ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ، پریمیئر چیپ بورڈ انڈسٹریز، ایجی ٹیکسٹائل ملز اور چراٹ سیمنٹ سمیت متعدد صنعتوں کو سستی بجلی ملیں گی ان خیالات کا اظہار وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے توانائی و برقیات حمایت اللہ خان نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرمین پیسکو بورڈ محمد ذوالفقار خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان، ڈائریکٹر بورڈ دلدار، سیکرٹری توانائی و برقیات محمد زبیر خان اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے خیبرپختونخوا حکومت کی پیہور ویلنگ ماڈل کی منظوری دے دی۔ اس موقع پر مشیر توانائی حمایت اللہ خان نے کہا کہ معاہدہ صوبے میں صنعت، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کی فراہمی کیلئے انقلابی قدم ہے انہوں نے کہا کہ شعبہ توانائی حکومتی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہداف کے حصول میں کامیابی کی طرف گامزن ہے حمایت اللہ خان نے کہا کہ رواں سال صوبے میں تعمیر ہونے والے4 پن بجلی گھروں کی پیداکردہ74میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ سے منسلک کردی جائے گی جس سے صوبے کومجموعی طورپرسالانہ1.9بلین روپے کی آمدن ہوگی۔ صوبے کی اپنی ٹرانسمیشن اینڈڈسٹری بیوشن کمپنی کے قیام ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال درال خوڑسے 36.6میگاواٹ ،رانولیاسے 17میگاواٹ،پیہورسے18میگاواٹ اورمچئی بجلی گھروں سے2.6میگاواٹ پیداکردہ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کردی جائے گی۔