ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
اسلام آباد (این این آئی)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں کہ ترکی پاکستان سے ناراض ہے،ترک صدر کا خطاب تاریخی نوعیت کا ہے، صدر رجب اردوان نے کشمیر پر جو بات کی وہ تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھی جائیگی،ترکی ٹیکنالوجی کے کئی شعبوں میں ہم سے ایڈوانس ہے،اقتصادی اسٹریٹیجک فریم ورک سے پاکستان اور ترکی کے مابین معاشی تعلقات کو نئی بلندی حاصل ہو گی ۔جمعہ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک صدر کے دورہ پاکستان اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے حوالے سے اہم بیان میں کہاکہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جس طرح اہم ایشوز کے حوالے سے ٹھوس اور واضح موقف اپنایا وہ مثالی ہے،ترک صدر کا اپنے خطاب میں کشمیر کے مسئلے کو اپنا اور ترکوں کا مسئلہ کہنا، غیر معمولی ہے ایسا بیان پہلے کسی ترک صدر کی طرف سے سامنے نہیں آیا ۔ انہوںنے کہاکہ ایک آزاد ریاست، ہماری خارجہ پالیسی کے اہم نکتے کو اپنا نکتہ کہہ رہی ہے اس سے بڑی بات اور کیا ہو سکتی ہے،میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے سفارتی روابط میں ایک سنہرے باب کا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آپ کے علم میں ہے کہ ہمارا پڑوسی ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی درجہ بندی کم کرنے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہا ہے ،ایف اے ٹی ایف کا اگلا اجلاس جو پیرس میں ہونا ہے اس اجلاس سے قبل ہی آج اپنے خطاب میں ترک صدر نے کھل کر پاکستان کے حق میں بات کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ترک صدر نے واضح پیغام دیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر ترکی پاکستان کے ساتھ کھڑا تھا، کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔انہوں نے علامہ اقبال کی سوچ، خلافت موومنٹ میں برصغیر کے مسلمانوں کے کردار اور پاکستان اور ترکی کے مابین دو طرفہ تعلقات کے تاریخی حوالوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم ان روابط کو اقتصادی شراکت داری میں بدلیں ۔ انہوںنے کہاکہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ہم گذشتہ ایک سال سے اقتصادی اسٹریٹیجک شراکت داری فریم ورک پر خاموشی سے کام کر رہے تھے کل ہمارا اس اسٹریٹیجک اقتصادی شراکت داری فریم ورک پر ۔ انہوںنے کہاکہ ترکی کے ساتھ اتفاق رائے ہوگیا ہے انشاء اللہ ترک صدر رجب طیب اردگان اور وزیر اعظم عمران خان اس اسٹریٹیجک اقتصادی شراکت داری فریم ورک پر دستخط کر دیں گے،اس اقتصادی اسٹریٹیجک فریم ورک سے پاکستان اور ترکی کے مابین معاشی تعلقات کو نئی بلندی حاصل ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ دفتر خارجہ کل صبح چار بجے تک کھلا تھا اور ہم ترکی کے ساتھ معاہدوں حتمی شکل دے رہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ ترکی اور پاکستان کے مابین 12/13 یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ صدر طیب اردگان کے خطاب کے بعد تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں۔