ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
لاہور(این این آئی) ) بہت جلد سوازی لینڈ کا اعزازی قونصلیٹ اسلام آباد میں قائم کیا جائے گا جس سے تاجروں کو سہولت اور دوطرفہ تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار سوازی لینڈ کے پرنس اور نیلسن منڈیلا کے داماد پرنس تھمبو موذی ڈلامنی نے لاہور چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران حاجی آصف سحر، ذیشان سہیل ملک، یاسر خورشید، فیاض حیدر ، عاقب آصف و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔پرنس تھمبو نے کہا کہ پاکستان اور پورے جنوبی افریقہ کے مابین تجارت کے حجم کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی نے بہت متاثر کیا ہے ، سوازیلینڈ میں بھی اس شعبے میں پاکستانی کمپنیوں کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین براہ راست پروازیں شروع کرنے کی طرف دونوں ممالک کی حکومتوں کو جلد از جلد کچھ کرنا چاہیے۔ سوازیلینڈ پارلیمنٹ کے سینیٹر پرنس ماگودولیلانے کہا کہ پاکستان اور سوازیلینڈ کے مابین تجارت میں اضافے کیلئے دونوں ممالک کو کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سوازیلینڈ میںآبادی کی اکثریت مسلمان ہے اور وہاں کے لوگ ایک خاص اور منفرد ثقافت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین ثقافتی سرگرمیوں کے تبادلوں کو بھی فروغ دیا جانا چاہیے۔ صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ پاکستان اور سوازیلینڈ کے تعلقات کے استحکام کا خواہاں رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سوازیلینڈ جنوبی افریقہ کا ایک چھوٹا سا اور بہترین صلاحیتوں کا حامل ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برآمدی مصنوعات کی ایک وسیع پیداوار کا حامل ملک ہے اور سوازیلینڈ کی مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کے مابین باقاعدہ روابط کے فروغ سے مذکورہ اہداف بآسانی اور جلدی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کیلئے سوازیلینڈ ،پاکستان سے ٹیکسٹائل مصنوعات ، لیدر، فوڈ پروڈکٹس خصوصا چاول اور گوشت، کھیلوں کا سامان اور لائٹ انجیئرنگ کا سامان سمیت دیگر کئی اشیاء درآمد کر سکتا ہے۔انہوں نے معزز مہمانوں کو بتایا کہ مئی 2017میں لاہور چیمبر کے ایک کاروباری وفد نے موریشز ، جنوبی افریقہ اور سوازی لینڈ کا دورہ کیا تھا اور اس دوران ان کی ملاقات سوازیلینڈ کے وزیراعظم اور کابینہ اراکین سے بھی ہوئی تھی۔انہوں نے مہمانوں کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبر آئندہ چند ماہ کے دوران افریقہ کے بڑے ممالک سے میں تجارتی وفد ترتیب دے گا۔ لاہور چیمبر درحقیقت افریقہ میں پاکستانی برآمدات میں خاطر خواہ اضافے پر کام کر رہا ہے۔