ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اور ترکی نے سٹریٹیجک معاشی فریم ورک پر باضابطہ دستخط کر دیئے ہیں ، دونوں ممالک اپریل میں آزاد تجارت کے معاہدے پر مزید بات چیت کرینگے ، دونوں ممالک کے درمیان ڈیووس میں 16 اور 17 جنوری کو ترکی کے مشیر تجارت اور عبد الرزاق دائود کی ملاقات میں اس فریم ورک پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔ جمعہ کو یہاں پاک ترکی کاروباری و سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے نے بتایاکہ پاکستان اور ترکی نے دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے پر پیش رفت اور تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے سٹریٹجک معاشی فریم ورک پر باضابطہ دستخط کر دیئے ہیں اس سلسلے میں ضروری امور مارچ تک مکمل کر لئے جائیں گے اور دونوں ممالک اپریل میں آزاد تجارت کے معاہدے پر مزید بات چیت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس فریم ورک کے تحت دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت کئی دیگر شعبوں میں اپنے تعلقات کو مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے ترکی کے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ترک کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ انہوں نے ترکی کی کاروباری برادری سے کہا کہ وہ حلال خوراک، اس کی پراسیسنگ اور مستقبل قریب میں پاکستان سے برآمد کے حوالے سے تعاون کریں۔ انہوں نے پاکستان اور ترکی کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت اور ترکی کے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کے کردار کو سراہا۔ اس سے قبل پاکستان اور ترکی کے درمیان ڈیووس میں 16 اور 17 جنوری کو ترکی کے مشیر تجارت اور ان کی ملاقات میں اس فریم ورک پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔ترکی کی وزیر تجارت روشار پیکان نے کہاکہ ترکی اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے دو طرفہ تجارت ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سٹریٹیجک اقتصادی فریم ورک پر کام کر رہے ہیں تاکہ آزاد تجارت کے معاہدے پر پیش رفت کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔