ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
لاہور(این این آئی) وزیر اعظم کے اسپیشل اسسٹنٹ برائے اوورسیز پاکستانی اور چیئرمین نیشنل کوآرڈینیشن بورڈ زلفی بخاری نے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے دفتر میں افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مشیر صحت پنجاب آصف محمود، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز سہیل ظفر چیمہ، مینیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی تنویر جبار اور خالد بھٹی چیف پی این ڈی ٹی ڈی سی پی بھی موجود تھے۔ افسران سے بات کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستانی معیشت میں بہتری کے لئے سیاحت کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس سال ٹاپ ٹین سیاحتی ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے لہذا اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ سیاحوں کو ہر طرح کی سہولیات سکیورٹی اور دوستانہ ماحول فراہم کریں تاکہ وہ پاکستان کے مثبت امیج کی تشہیر کر سکیں۔ زلفی بخاری نے ٹی ڈی سی پی کی انتظامیہ کی کوششوں اور مشیر صحت پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر فورم پر وفاقی حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے ٹی ڈی سی پی کے زیر انتظام انسٹیٹیوٹ آف ٹورزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے لاہور کیمپس کا دورہ کیا اور کامیاب نوجوان پروگرام کے اورینٹیشن سیشن سے خطاب کیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے مشیر صحت پنجاب آصف محمود نے چیرمین نیشنل ٹورزم کوآرڈینیشن بورڈ کو پنجاب میں سیاحت کے فروغ کے لئے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی پر کام جاری ہے تاکہ مخصوص سیاحتی علاقوں سے سیاحوں کے رش کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چکوال، کوٹلی ستیاں، کوہ سلیمان اور سون وادی میں انتہائی خوبصورت اور دلکش نظارے موجود ہیں جہاں پر ہوٹلوں کی تعمیر اور ان مقامات کی انتظامی طور پر بہتری کے لئے دن رات کام جاری ہے اور یہ مقامات جلد ہی عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے۔ مینیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی تنویر جبار نے زلفی بخاری کو ٹی ڈی سی پی انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کے لیے کیے جانے والے انتظامات اور سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا ساتھ ہی ساتھ انہوں نے بتایا کہ نئے سیاحتی مقامات کی پرموشن کیلئے کیسے محکمہ نے پرائیویٹ ٹورسٹ آرگنائزیشنز کے ذریعے ایک سیاحتی پلان ترتیب دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھی صرف سیاحتی مقامات کس حد تک محدود نہیں ہے بلکہ ہم کھیلوں کی سیاحت زرعی سیاحت اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے بھی مختلف پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں جس کی ایک بڑی مثال چولستان میں پاکستان کی سب سے بڑی موٹر سپورٹ ریلی کا کامیاب انعقاد ہے جہاں ملکی و غیر ملکی سیاح بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔