ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
حیدرآباد (این این آئی) الخدمت فانڈیشن حیدرآباد کے زیراہتمام 10واں مفت میڈیکل کیمپ الخدمت فانڈیشن ہسپتال لطیف آباد نمبر 9 میں منعقد ہوا، افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ ڈاکٹر مبین احمد میمن اور ایڈیشنل آئی جی پولیس حیدرآباد ریجن ڈاکٹر ولی اللہ دل نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، ڈاکٹر مبین احمد میمن نے اپنے خطاب میں الخدمت کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت بھی عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، الخدمت کی طرح دیگر غیرسرکاری تنظیمیں بھی تعاون فراہم کریں تو شہریوں کو صحت کی سہولتیں مزید بہتر کی جا سکتی ہیں،اس موقع پر ڈاکٹر ولی اللہ دل نے کہا کہ الخدمت کی طبی میدان میں خدمات قابل قدر ہیں لیکن الخدمت اور دیگر سماجی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ مین پوری، گٹکے،سگریٹ، تمباکو جیسی مہلک اشیا اور منشیات کے خلاف بھی آگاہی مہم شروع کریں کیونکہ مین پوری گٹکے،تمباکو وغیرہ سے کینسر اور دیگر مہلک بیماریاں پیدا ہوتی ہیں، الخدمت ضلع حیدرآباد کے صدر ڈاکٹر سیف الرحمن نے الخدمت کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ صاف پانی کی فراہمی، میڈیکل، تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی اور مستحقین اور یتمی کی امداد اور کفالت کے میدان میں بڑے پیمانے پر خدمات انجام دے رہی ہے جو مخیر اور اہل درد کی مدد سے ہی ممکن ہے، کیمپ میں مختلف شعبوں کے طبی ماہرین، پروفیسرز کنسلٹنٹس صاحبان نے مریضوں کا معائنہ کیا جبکہ لاکھوں روپے کی ادویہ مفت دی گئیں، الٹرا سانڈ، ای سی جی،ایکو کارڈیو گرافی،بلڈ شوگر ٹیسٹ کی سہولت بھی موجود تھیں، 10واں مفت میڈیکل کیمپ اتوار کو صبح 9:30 بجے سے سہ پہر تک لطیف آباد نمبر 9 میں کمپری ہینسیو ہائی اسکول کے قریب واقع الخدمت ہسپتال میں جاری رہا جس میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو کے پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد عالمانی پروفیسر آف میڈیسن، پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفار میمن کنسلٹنٹ کارڈیالوجی، پروفیسر لیڈی ڈاکٹر راحیل سکندر گائناکالوجسٹ، پروفیسر ڈاکٹر منظور علی لاکھیر نیورو فزیشن، پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی لودھی پروفیسر آف افتلمولوجی، پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال شاہ پروفیسر آف میڈیسن، ڈاکٹر پروفیسر ارشاد احمد بھٹو اسسٹنٹ پروفیسر، ندیم چوہان، ڈاکٹر شہنیلا شیراز،ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر نصرت سلیمان اور دیگر پروفیسرز ماہرین و ڈاکٹر صاحبان نے مریضوں کا معائنہ کیا، ٹیسٹ کئے گئے اور مفت ادویہ بھی فراہم کی گئیں، اس سے پہلے کیمپ کے انچارج و نائب صدر االخدمت فانڈیشن ضلع حیدرآباد صغر علی خان نے بتایا کہ 600 سے زائد افراد نے طبی کیمپ سے استفادہ کیا ہے جن کا حیدرآباد شہر، لطیف آباد اور قاسم آباد سمیت آس پاس کے چھوٹے شہروں قصبات اور دیہات سے تعلق تھا، انہوں نے پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)، پروفیسرز دیگر طبی عملے، تعاون کرنے والی دواساز کمپنیوں اور الخدمت کے رضاکاروں کا کیمپ کو کامیاب بنانے پر دلی شکریہ ادا کیا، اس موقع پر الخدمت کے ضلعی عہدیدار محمد نعیم عباسی، محمد سلیم خان، را مسعود علی خان، فرقان حفیظ بھی موجود تھے، طبی کیمپ میں بڑی تعداد میں الخدمت کے رضا کاروں نے کیمپ میں اپنی خدمات سر انجام دیں۔