ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
ملتان (ایجوکیشن رپورٹر) گورنمنٹ گرلز ایلمینٹری سکول بودلہ ٹاون کے زیر اہتمام کشمیری بہن بھائیوں کے حق میں اور کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف تقریب کا انعقاد کیا گیا۔سکول کے احاطے میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملتان ریاض خان بلوچ تھے۔ تقریب میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر رانا ولایت علی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سلطانہ اسلم رانا،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایلیمنٹری ایجوکیشن آفیسر نصرت فردوس، اے ای او ایجوکیشن ملتان ثمین زہرہ اور دیگر مہمانان نے بطور خاص شرکت کی۔ تقریب کا انعقاد ہیڈ مسٹریس نسیم ناصر اور سکول کی اساتذہ نے کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملتان ریاض خان بلوچ نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ٹھیکیدار کشمیر کے ایشو پر مکمل طور پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں اگر کسی جانور کی زندگی کو بھی خطرہ ہو تو اقوام عالم چینخنے چلانے لگتی ہیں لیکن کشمیر میں بھارت انسانی جانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ مگر امریکہ اور اقوام متحدہ سمیت دنیا کے امن کے ٹھیکیدار بالکل خاموش بیٹھے تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر میں انسانوں کے گلے کاٹے جا رہے ہیں، چادر و چاردیوار کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔ ڈی ای او ایجوکیشن نے کہا کہ پانچ اگست سے اب تک مسلسل کشمیر میں کرفیو نافذ ہے اور کشمیری قید کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی آواز ایک تحریک کی صورت میں دنیا کے سامنے آ رہی ہے۔ انھوں نے کشمیر کی آزادی کے لئے نعرے بھی لگوائے۔
تقریب سے رانا ولایت علی، سلطانہ اسلم رانا، نصرت فردوس اور نسیم ناصر نے بھی خطاب کیا۔ کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقد کی گئی اس تقریب میں سکول کی طالبات نے کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ٹیبلوز بھی پیش کئے۔