ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
لاہور( این این آئی )وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے۔ ایک کروڑ 20لاکھ آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی سے شرح خواندگی میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ راناایجوکیشن اکیڈمی کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا اہم ترین حق ہے اور اس حق تک یکساں رسائی یقینی بنا کر جمہوریت کے تقاضوں کو احسن طریقے سے پورا کیا جا سکتا ہے۔ معاشی مجبوریوں، سماجی عوامل اور دیگر کئی وجو ہات کی بنا پر تعلیم سے محروم بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنا پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالب علم تعلیم کے علاوہ سپورٹس اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بھر پور حصہ لیں۔ اسی طرح والدین اور اساتذہ بھی بچوں کی صلاحیتوں کی شناخت کریں اور ان کے بھر پور استعمال کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں تا کہ طالب اپنی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کیلئے احسن انداز میں کام میں لا سکیں۔میاں محمود الرشید نے اس موقع پر تقریری مقابلوں اور کشمیر کے حوالے سے ٹیبلو پیش کرنے والے طالب علموں کی بھر پور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بچوں نے اس ضمن میں بہترین کار کردگی دکھا کر اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طالب علموں میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔