ہر خبر سے آراستہ
ہر خبر سے آراستہ
اسلام آباد (این این آئی)جرمنی کے سفیرنے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ Dr. Bernhard Stephan Schlagheck سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان جر منی کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان جرمنی کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی روابط کو فروغ دیکر انہیں مزید وسعت دینے کا خواہا ں ہے، پاکستان اور جرمنی اہم عالمی و علاقائی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان عالمی امن و خوشحالی کے لیے ہمیشہ دنیا کے ساتھ کھڑا رہا ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور عوام نے بے مثال قربانیاں دیں ۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہاکہ دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے وافر مواقع موجود ہیں ، دونو ں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔جرمن سفیر نے کہاکہ جرمنی پاکستان کو اپنا دوست اور اقتصادی شر اکت دار تصور کرتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے کا خواہش مند ہے، جرمنی پاکستان کے ساتھ متفرق شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔جرمن سفیرنے کہاکہ جرمنی پاکستان میں تعلیم اور فنی تربیت کے لیے اقدامات اْٹھا رہاہے، پارلیمانی دوستی گروپ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کریگا۔